پرویز مشرف کے حتمی وارنٹ جاری

Posted by on Jun 12, 2011 | Comments Off on پرویز مشرف کے حتمی وارنٹ جاری

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے میں سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کے حتمی وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج رانا نثار نے پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے کی سماعت سینچر کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کی۔

عدالت نے پرویز مشرف کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد سے متعلق تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

قانونی ماہرین کے مطابق حتمی وارنٹ جاری ہونے کے بعد عدالت سابق صدر پرویز مشرف کی گرفتاری نہ ہونے کی صورت میں ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے۔

عدالت نیگزشتہ سماعت کے دوران پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم انہیں دی جانے والے مہلت ختم ہونے کے بعد عدالت نے پرویز مشرف کے حتمی وارنٹ جاری کر دیے۔

اس مقدمے میں گرفتار ہونے والے دیگر سات ملزمان میں راولپنڈی پولیس کے سابق سربراہ ڈی آئی جی سعود عزیز، ایس پی خرم شہزاد رفاقت، حسنین گل، اعتزاز شاہ، شیر زمان اور قاری عبدالرحمن پر پچیس جون کو فردِ جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت پچیس جون تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ عدالتی احکامات کی عدم پیروی پر عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے ملک اقبال کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ تاہم انہوں نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ جس پر عدالت نے ان کے خلاف توہینِ عدالت کا نوٹس نمٹا دیا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے موجودہ ڈی جی ایف آئی اے ملک اقبال پر این آئی سی ایل مقدمے میں تفتیشی افسر تبدیل کرنے پر سپریم کورٹ نے انہیں توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا جس پر ان کے خلاف فردِ جرم بھی عائد کی گئی تھی۔ تاہم سپریم کورٹ نے اس مقدے کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–