جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملہ، 6 ہلاک

Posted by on Jun 06, 2011 | Comments Off on جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملہ، 6 ہلاک

پاکستان میں حکام نے کہا ہے کہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں پیر کی صبح ایک مبینہ امریکی میزائل حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق بغیر پائلٹ کے جاسوس طیارے یعنی ڈرون سے داغے گئے میزائلوں کا ہدف جنوبی وزیرستان کے مرکزی مقام وانا کے قریب شدت پسندوں کا مشتبہ ٹھکانہ تھا۔

جمعہ کو افغان سرحد سے ملحق اس قبائلی علاقے میں ایک ڈرون حملے میں حکام کے بقول القاعدہ کا اہم کمانڈر اور امریکہ کو انتہائی مطلوب عالمی دہشت گرد الیاس کشمیری اپنے ساتھیوں سمیت مارا گیا تھا۔

مبصرین الیاس کشمیری کی موت کو گزشتہ ماہ ایبٹ آباد میں خفیہ امریکی آپریشن میں القاعدہ کے مفرور سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

بن لادن کی ہلاکت کے بعد القاعدہ سے منسلک پاکستانی طالبان نے ملک میں سکیورٹی فورسز پر مہلک حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

ایک روز قبل بھی نوشہرہ چھانی کی حدود میں واقع ایک بیکری میں ہونے والے خودکش دھماکے میں فوجی اہلکاروں سمیت کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–