بورڈ کی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا

Posted by on Jun 05, 2011 | Comments Off on بورڈ کی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وہ ہفتہ کو لندن سے وطن واپس روانہ ہورہے ہیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ آٹھ جون کو کرکٹ بورڈ کی تین رکنی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ اپنے وکلا سے مشورے کے بعد کریں گے۔

یہ بات انھوں نے لندن میں وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان کے کیس کا جائزہ لینے کے لیے بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ سلطان رانا، مینیجر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ شفیق پاپا پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے شاہد آفریدی کو آٹھ جون کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کو کہا تھا۔

بورڈ نے گزشتہ دنوں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شاہد آفریدی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا جب کہ سابق کپتان نے اپنے جواب میں اس خلاف ورزی کو تسلیم کیا تھا۔ بورڈ نے اس پر سابق کپتان کے سینٹرل کنٹریکٹ کو معطل اور بیرون ملک کرکٹ کھیلنے کا اجازت نامہ بھی منسوخ کردیا تھا۔

شاہد آفریدی نے ان خبروں کی تردید کی کہ کرکٹ بورڈ سے تنازع کے بعد ہمشائر کانٹی نے انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی ملنے کے بعد بھی انھیں کھیلانے سے معذرت کی ہے۔کانٹی والے میرا انتظار کررہے ہیں وہ کہہ رہے ہیں کبھی بھی آنا چاہو تو آجا۔

بورڈ سے معاملات طے پانے کے بعد مستقبل میں دوبارہ ٹیم کی کپتانی کرنا چاہیں گے، اس سوال کے جواب میں آفریدی نے کہا  اس کرکٹ بورڈ کے ہوتے ہوئے میں کھیلنا ہی نہیں چاہتا۔

شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو متوقع طور پر واپس لینے کے بارے میں کہا کہ اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ابھی تو صورتحال مختلف ہے۔ ابھی میں نے پاکستان جانا ہے ، وہاں کافی ساری چیزیں سامنے ہیں تو ابھی کسی بھی چیز کے بارے میں تبصرہ کرنا میرے بارے میں تھوڑا مشکل ہے۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–