انضباطی کمیٹی اجلاس پر حکمِ امتناعی

Posted by on Jun 07, 2011 | Comments Off on انضباطی کمیٹی اجلاس پر حکمِ امتناعی

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی درخواست پر پی سی بی کی انضباطی کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کے خلاف حکمِ امتناعی جاری کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شاہد آفریدی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں بدھ کو تین رکنی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا تھا تاہم شاہد آفریدی کے وکلا نے کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

اس نوٹس کے تحت ان کا سینٹرل کنٹریکٹ معطل کر دیا گیا ہے اور انہیں بیرون ملک کھیلنے کے لیے دی گئی اجازت واپس لے لی گئی ہے۔

منگل کو شاہد آفریدی نے اس اظہارِ وجوہ کے نوٹس کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس کمیٹی سے انصاف کی توقع نہیں ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق شاہد آفریدی نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور کانٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے درکار این او سی فورا جاری کیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل بینچ نے شاہد آفریدی کی دائر کردہ رٹ کومنظور کرتے ہوئے فوری سماعت شروع کی اور مختصر سماعت کے بعد پی سی بی کی انضباطی کمیٹی کے اجلاس کو روکنے کا حکم دیا۔

عدالت نے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔

خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے دورے سے وطن واپسی پر ٹیم منیجمنٹ سے اختلافات کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد انہیں آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا جس پر شاہد آفریدی نے دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–