افغانستان میں بن لادن کا سابق ساتھی گرفتار

Posted by on Jun 03, 2011 | Comments Off on افغانستان میں بن لادن کا سابق ساتھی گرفتار

نیٹو نے کہا ہے کہ افغان اور اتحادی افواج نے شمالی صوبہ بلخ سے اسامہ بن لادن کے ایک سابق ساتھی اور القاعدہ کے اہم معاون کو گرفتار کر لیا ہے۔

جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ گرفتاری ایک روز قبل ضلع نہرِ شاہی میں مقامی و بین الاقوامی افواج کی مشترکہ کارروائی کے دوران عمل میں آئی۔

بیان میں القاعدہ سے منسلک مشتبہ شخص کا نام بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ وہ بنیادی طور پر پاکستان میں رہتے ہوئے دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کرتا تھا جب کہ اس بات کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ 2001 میں بن لادن کے ساتھ افغانستان میں موجود تھا۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ فروری کے بعد سے اب تک صوبہ بلخ میں القاعدہ اور طالبان کے متعدد اہم شدت پسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اسی عرصے میں صوبے کے مختلف حصوں سے عسکریت پسندوں کی پرتشدد کارروائی میں ملوث 35 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکی اسپیشل فورسز کی ایک ٹیم نے دو مئی کو پاکستان کے شمالی شہر ایبٹ آباد میں ایک خفیہ آپریشن کر کے وہاں روپوش القاعدہ کے مفرور سربراہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔

امریکی کمانڈوز نے بن لادن کی پناہ گاہ سے بڑی تعداد میں کاغذات اور کمپیوٹر ڈسکس بھی قبضے میں لے لی تھیں جنہیں عہدے دار القاعدہ اور اس کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات کا خزانہ قرار دے رہے ہیں۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–