کراچی: گندھارا تہذیب کے نوادرات برآمد

Posted by on Jul 07, 2012 | Comments Off on کراچی: گندھارا تہذیب کے نوادرات برآمد

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس نے چھاپہ مار کر گندھارا تہذیب سے متعلق مجسموں، نوادرات اور بتوں کی بھاری تعداد قبضے میں لے کر دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے نوادرات کی اصل قدر و قیمت کے تعین کے لیے محکمۂ آثار قدیمہ کے ماہرین سے مدد مانگی گئی ہے۔

نامہ نگار جعفر رضوی کے مطابق پولیس افسر نے بتایا کہ برآمد شدہ اشیاء کی اصل قدر و قمیت کی تعین کرنے کے لیے محکمۂ آثار قدیمہ کے ماہرین سے رابطہ کیا گیا ہے جو ابھی جانچ کر رہے ہیں اور چونکہ یہ اشیاء وزنی اور نازک بھی ہیں، اس لیے انہیں انتہائی مہارت سے ٹرک سے اتارنے میں بہت زیادہ وقت لگے گا۔

کراچی کے شرقی علاقے کورنگی میں پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مجید عباس نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کورنگی کی سنگر چورنگی کے قریب ایک ٹرک کو روک کر اس سے بظاہر نادر مجسموں اور بتوں پر مشتمل یہ پوری کھیپ قبضے میں لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ساری برآمد شدہ اشیاء انتہائی وزنی ہیں لہٰذا انہیں ٹرک سے بحفاظت اتارنے کے لیے بھی فورک لفٹ ٹرک جیسی ضروری مشینری کا انتظام کرنا پڑا جس میں خاصا وقت صرف ہوا۔

پولیس کے مطابق ماہرین اب تک یہی ابتدائی اندازہ لگا سکے ہیں کہ ان نوادرات کا تعلق دو ہزار سال پرانی گندھارا تہذیب سے ہو سکتا ہے۔ لیکن ان کی درست قدر و قیمت میں کافی وقت لگے گا۔

ڈی ایس پی مجید عباس نے بتایا کہ دونوں گرفتار ملزمان کے ابتدائی بیان کے مطابق یہ اشیاء چھ ماہ پہلے کراچی لائی گئی تھیں اور ابراہیم حیدری کے علاقے کے ایک گودام میں رکھی تھیں۔

ماہرین اب تک یہی ابتدائی اندازہ لگا سکے ہیں کہ ان نوادرات کا تعلق دو ہزار سال پرانی گندھارا تہذیب سے ہو سکتا ہے

ان کا کہنا تھا کہ تمام چیزیں اب بھی پولیس کے قبضے میں ہیں اور جب تک مکمل طور پر اتار کر ان کی گنتی اور جانچ پڑتال نہیں کی جاتی اس وقت تک کاغذات میں اندراج یا مقدمہ نہیں کیا جا سکتا۔ جس کے بعد ہی ان اشیاء کو ماہرین کے حوالے کیا جا سکے گا۔

پولیس کے مطابق دونوں افراد کے پاس سے برآمد ہونے والے کاغذات کے تحت ان نوادرات کو سیالکوٹ لے جایا جانا تھا۔

ملزمان نے یہ بھی بتایا کہ انہیں یہ ہدایت بھی کی گئی تھی کہ پہلے اس کھیپ کو کراچی کی خشک گودی، بن قاسم پورٹ پہنچایا جائے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ کھیپ ملک سے باہر بھی سمگل کی جا سکتی تھی۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here