پاکستان میں ڈرون حملوں پر اقوام متحدہ کی تشویش

Posted by on Jun 08, 2012 | Comments Off on پاکستان میں ڈرون حملوں پر اقوام متحدہ کی تشویش

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسانی حقوق کی سربراہ نوی پِلے نے پاکستان کی سرزمین پر امریکی ڈرون حملوں کیتحقیقات کی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس طریقے سے یہ حملے کیے جا رہے ہیں اس سے بین الاقوامی قانون کے تحت سوالات جنم لے رہے ہیں۔

پاکستان میں حقائق جاننے کے چار روزہ مشن کے اختتام پر جمعرات کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران اُنہوں نے ڈرون حملوں پر عالمی تنظیم کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈرون حملے جو سیاسی و عسکری نظام کی نگرانی میں نہیں کیے جاتے اُن کے بارے میں یہ فیصلہ کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے کہ ان حملوں میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی۔

بی بی سی کے دفاعی امور کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے امریکی خفیہ ادارے سی ائی اے کرواتی ہے جن کی کارروائیاں خفیہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ملک کے ساتھ حالت جنگ میں نہیں ہے اس لیے بعض ناقدین کے مطابق یہ حملے غیر قانونی ہیں۔

نوی پلے نے کہا کہ چونکہ یہ کارروائیاں بلا امتیاز کی جاتی ہیں اس لیے ان میں شہری ہلاکتوں کی تعداد کا تعین بھی مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا اسی لیے وہ ان ڈرون حملوں کی تحقیقات، متاثرین کے داد رسی اور اُنہیں معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتی ہیں۔

انہوں نے حکومت (پاکستان) کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر معمولی حالات میں ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں اقوامِ متحدہ کے نمائندہ خصوصی کو مدعو کرے تاکہ وہ بعض واقعات کی تحقیقات کر سکیں۔

نوی پلے نے کہا کہ اُن کے نزدیک کسی بھی حالت میں شہریوں کو ہلاک یا زخمی کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ نے پاک افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر بغیر ہوا باز کے پرواز کرنے والے طیاروں سے میزائل حملوں میں اضافہ کر رکھا ہے۔

امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے ایک روز قبل ڈرون حملوں کو دفاعی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کا ملک پاکستانی حدود میں القاعدہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ بلا شبہ پاکستانی حکومت، سکیورٹی فورسز اور عوام کو شدت پسندی جیسے کٹھن چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن ان کے خاتمے کی کوششوں کے دوران حقوقِ انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں مثلاً ماورائے عدالت قتل، غیر اعلانیہ حراست اور لوگوں کی ’گمشدگیوں‘ کے الزامات اُن کے لیے انتہائی پریشان کن ہیں۔

پاکستان نے اسی ہفتے پیر کو اس ڈرون حملے کے بعد جس میں پندرہ افراد ہلاک ہو گئے تھے باقاعدہ احتجاج کیا تھا۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ اس حملے میں القاعدہ کے اہم رہنماءابو یحیٰ اللبی ہلاک ہوئے تھے۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here