عبدالغفور حیدری سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف منتخب

Posted by on Jun 07, 2011 | Comments Off on عبدالغفور حیدری سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف منتخب

جمیعت علمائے اسلام کے مولانا عبدالغفور حیدری انیس ووٹ حاصل کر کے پاکستان کے ایوان بالا یاسینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف منتخب ہو گئے ہیں۔

سینیٹ کے چیئرمین فاروق نائیک نے قائد حزب اختلاف کے لیے ووٹنگ کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری کو انیس ووٹ ملے جبکہ ان کے مدِمقابل پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیٹر اسحاق ڈار کو پندرہ ووٹ ملے۔

اسلام آباد میں  چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جمیعت علمائے اسلام کے امیدوار کو بارہ ووٹ اپنی جماعت کے ملے۔ اس کے علاوہ فاٹا کے پانچ سینیٹرز نے ان کے حق میں ووٹ دیے ان کے نام ہیں: حافظ عبدالرشید، ادریس صافی، حاجی خان، عباس آفریدی اور انجینیئر عبدالرشید۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے دو آزاد سینیٹرز نے بھی ان کو ووٹ دیے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوار سینیٹر اسحاق ڈار کو پندرہ ووٹ ملے۔ ان میں سے سات ووٹ ان کی اپنی جماعت کے تھے، تین جماعت اسلامی کے، دو نیشنل پارٹی اور ایک ایک ووٹ آزاد سینیٹر، پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور پی پی پی آفتاب شیرپا گروپ کے تھے۔

چیئرمین سینیٹ فاروق نائیک نے اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ قاف کے منحرف گروپ کے پانچ سینیٹرز کو ووٹنگ میں حصہ نہیں لینے دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کی وجہ یہ تھی کہ قاف لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت نے چیئرمین سینیٹ کے نام خط میں لکھا تھا کہ مسلم لیگ قاف حکومت میں شامل ہو گئے ہیں اس لیے ان منحرف ارکان کو ووٹنگ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے۔

اس کے بعد جب سینیٹ میں بجٹ پر بحث کا آغاز ہوا تو قاف لیگ کے سینیٹر جمال لغاری نے کورم کی نشاندہی کی جس پر اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here