شام میں فوجی کارروائی کا آغاز

Posted by on Jun 10, 2011 | Comments Off on شام میں فوجی کارروائی کا آغاز

شام کے سرکاری ٹی وی نے کہا ہے کہ ملکی افواج کی جانب سے  ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع  شمالی شہر جسرالشغور میں”‘امن و امان کی بحالی” کے لیے جمعہ کو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق شامی افواج مقامی آبادی کی درخواست پر شہر کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے شہر میں داخل ہوگئی  ہیں۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق  شہر کے رہائشیوں نے افواج سے ان “مسلح گروہوں” کو حراست میں لینے کی  درخواست کی تھی جنہوں نے حکومت کے بقول رواں ہفتے کے آغاز میں ایک کارروائی کرکے 120 سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔

ا س سے قبل شہریوں کا کہنا تھا کہ  مذکورہ سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت اس وقت ہوئی تھی جب شہر میں گزشتہ ہفتے جمہوریت کی حمایت میں کیے گئے ایک مظاہرے کے شرکا پرفائرنگ سے انکار کرنے والے فوجیوں  پر شامی صدر کی وفادار افواج نے  حملہ کردیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق شامی افواج کے سپاہی، جنہیں ٹینکوں کی مدد بھی حاصل ہے،  جمعرات کے روز بڑی تعداد میں شہر کے گرد جمع ہوگئے تھے۔ سیاسی کارکنوں کے مطابق شہر کے 50 ہزار رہائشیوں میں سے بیشتر فوجی کارروائی کے آغاز سے قبل ہی ترکی کی جانب  نقل مکانی کر گئے تھے۔

دریں اثنا  شام کے جمہوریت پسندوں کی جانب سے صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف جمعہ کے روز  نئے احتجاجی مظاہروں  کی کال دی گئی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ مارچ سے جاری احتجاجی تحریک کے دوران حکومتی فورسز کے تشدد سے اب تک 11 سو کے لگ بھگ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

جینوا میں عالمی امدادی تنظیم ‘ریڈ کراس’ نے شامی حکومت سے  زخمی اور حراست میں لیے گئے حزبِ مخالف کے ارکان تک تنظیم کو “بامعنی رسائی” دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جمعہ کے روز ترکی کے وزیرِاعظم رجب طیب اردگان کا یہ بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ چند روز کے دوران  شامی رہنما سے بات چیت کے دوران ان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی حکومت میں اصلاحات متعارف کرائیں۔

ترک وزیرِاعظم نے اپنے بیان میں شامی سکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین کے خلاف جاری کریک ڈان کو “ناقابلِ قبول ” قرار دیتے ہوئے ہلاک ہونے والی شامی خواتین کی لاشوں کی بے حرمتی کو بھی  “وحشیانہ عمل” قراردیا۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here