سرینا ولیمز پانچویں مرتبہ ومبلڈن کی فاتح

Posted by on Jul 08, 2012 | Comments Off on سرینا ولیمز پانچویں مرتبہ ومبلڈن کی فاتح

لندن میں جاری ومبلڈن ٹینس چیمپیئن شپ کے خواتین کے فائنل مقابلے میں امریکہ کی سرینا ولیمز نے پولینڈ کی اگنیئشکا ردوانسکا کو شکست دے دی ہے۔

یہ ان کے کیریئر میں پانچواں موقع ہے کہ انہوں نے ومبلڈن کا فائنل جیتا ہے۔ اس سے پہلے وہ سنہ دو ہزار دو، تین، نو اور دو ہزار دس میں یہ ٹورنامنٹ جیتی تھیں۔

انہوں نے دو گھنٹے اور دو منٹ جاری رہنے والے فائنل میچ میں چھ ایک، پانچ سات اور چھ دو سے فتح حاصل کی۔ تیس سالہ امریکی کھلاڑی کی یہ چودہویں گرینڈ سلام کامیابی ہے۔

عالمی نمبر چھ سرینا نے پہلا سیٹ باآسانی چھ ایک سے جیتا جس میں اگنیئشکا ان کو مشکل میں نہیں ڈال سکیں۔

تاہم دوسرے سیٹ کے دوران بارش کی وجہ سے تعطل ہوا۔ وقفے کے بعد جہاں سرینا ولیمز کا ’فور ہینڈ‘ قدرے کمزور ہونے لگا ادھر پولش کھلاڑی نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا سیٹ پانچ سات سے جیت لیا۔

تیسرے سیٹ میں ولیمز دو بار ’بریک‘ تک پہنچے کے بعد چھ دو سے کامیاب ہو گئیں۔

اپنی فتح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ٹانگ کے زخمی ہونے اور اس کے نتیجے میں دیگر بیماری کے بعد ان کے خیال میں بھی نہیں تھا کہ وہ ومبلڈن جیت سکیں گی۔ انہیں چوٹوں کی وجہ سے وہ عالمی ٹینس سے تقریباً گزشتہ ایک سال تک باہر رہی ہیں۔

ادھر اگنیئشکا ردوانسکا اگرچہ خواتین کی عالمی ٹینس درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر ہیں تاہم جمعہ کو سانس کی بیماری کے باعث ایک نیوز کانفرنس منسوخ کرنے کے بعد ان کی صحت کے بارے میں خدشات تھے۔

گزشتہ تہتر سالوں میں وہ پولینڈ کی پہلی گرینڈ سلام فائنل کھیلنے والی کھلاڑی ہیں۔

یاد رہے کے مردوں کا فائنل اتوار کے روز برطانیہ کے اینڈی مرے اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے مابین کھیلا جائے گا۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here