دانش کنیریا کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی

Posted by on Jul 10, 2012 | Comments Off on دانش کنیریا کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ سپنر دانش کنیریا پر ملک بھر میں کرکٹ کھیلنے اور کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر ’عبوری‘ پابندی عائد کر دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ دانش کنیریا انگلینڈ اینڈ ویلز بورڈ کی جانب سے اپنے اوپر عائد تاحیات پابندی کے فیصلے کے خلاف اپیل کا جواب آنے تک پاکستان میں نہ کرکٹ کھیل سکتے ہیں اور نہ ہی کرکٹ سے متعلق کسی سرگرمی میں حصہ لے سکتے ہیں۔

 یاد رہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی انضباطی کمیٹی نے دانش کنیریا پر سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے بعد آئی سی سی یہ واضح کر چکی ہے کہ دنیا بھر کے کرکٹ بورڈز اس فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے چند روز قبل بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں یہ کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ میں کرپشن کے خاتمے کے لیے آئی سی سی کے اس موقف کا ساتھ دینے کا پابند ہے تاہم وہ دانش کنیریا کی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو کی جانے والی اپیل کے فیصلے کا انتظار کرے گا جس کے بعد ہی پاکستان میں ان کے کرکٹ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جاسکے گا۔

 پیر کے روز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کی صدارت میں منعقد ہونے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ دانش کنیریا کی اپیل کا فیصلہ آنے تک انہیں ملک میں کرکٹ کھیلنے سے روک دیا جائے۔

دانش کنیریا اکسٹھ ٹیسٹ میچوں میں دو سو اکسٹھ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں تاہم سپاٹ فکسنگ کے الزامات کے سبب وہ دو سال سے پاکستان کی نمائندگی نہیں کر سکے ہیں۔

پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ حبیب بینک کی نمائندگی کرتے ہیں۔

دریں اثناء وکٹ کیپر کامران اکمل پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے ہیں اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کمیٹی انہیں کلیئر کردے گی جس کے بعد وہ دوبارہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیے جائیں گے۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here