انتخابی چندے کا غلط استعمال امریکی سابق صدارتی امیدوار پر فردِ جرم عائد

Posted by on Jun 04, 2011 | Comments Off on انتخابی چندے کا غلط استعمال امریکی سابق صدارتی امیدوار پر فردِ جرم عائد

ایک وفاقی جیوری نے سابق امریکی سینیٹر اور صدارتی امیدوار جان ایڈورڈز پر  انتخابی مہم  کے اخراجات سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی  کی فردِ جرم  عائد کردی ہے۔

جمعہ کے روز جان ایڈورڈز کی آبائی ریاست نارتھ کیرولینا میں جاری مقدمے کی کاروائی کے دوران جیوری نے سابق سینیٹر پر عائد کردہ اس الزام کی توثیق کی کہ انہوں  نے سیاسی حیثیت میں ملنے والے چندیایک خاتون سے ناجائز تعلقات چھپانے کے لیے استعمال کیے۔

مذکورہ مقدمے میں سابق سینیٹر پر چھ الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں ایک الزام سازش، چار الزامات  انتخابی مہم کیلیے غیرقانونی  چندوں  کی وصولی  اور ایک الزام  غلط بیان بازی سے متعلق ہے۔

اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آنے کے بعد کہ جان ایڈورڈز کے وکیل گریگوری کریگ جمعہ کے روز شمالی کیرولینا پہنچ رہے ہیں  ذرائع ابلاغ میں جاری ان قیاس آرائیوں میں شدت آگئی تھی کہ وفاقی استغاثہ یا تو ان کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے والا ہے یا پھر حکام سابق سینیٹر کو معاہدے کے تحت اعترافِ جرم کرنے پر آمادہ  کرنے کیلیے ان کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔

جان ایڈورڈز جنوب مشرقی امریکی ریاست میں مقیم ہیں اور یہیں سے 1998 میں امریکی سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

مقدمے کی بنیاد وہ رقم ہے جو ایڈورڈز نے اپنی سابق  ملازمہ ریل ہنٹر اور اپنے سابق معاون  اینڈریو ینگ کو ادا کی تھی۔  ریل ہنٹر سے ایڈورڈز کی ایک بیٹی ہے جبکہ اینڈریو ینگ ماضی میں اس لڑکی کے باپ ہونے کا دعوی کرتے رہے ہیں۔

ایڈورڈز کی جانب سے دی جانے والی یہ رقم 2008 میں ان کی صدارتی انتخابی مہم کی حمایت کرنے والے دو اہم دولت مند افراد کی جانب سے ادا کی گئی تھی۔

استغاثہ کا موقف ہے کہ ایڈورڈز کو مذکورہ رقم انتخابی مہم کے چندہ کی حیثیت سے وصول ہوئی تھی اور اس کا استعمال انتخابات سے متعلق سرگرمیوں کیلیے ہی کیا جانا چاہیے تھا۔

تاہم سابق امریکی سینیٹر کے وکلا کا کہنا ہے کہ ان کے موکل نے کوئی قانون نہیں توڑا اور بطورِ تحفہ دی جانے والی اس رقم کا مقصد ان کے غیر ازدواجی تعلق کو ان کی اہلیہ ایلزبتھ کے علم میں لانے سے روکنا تھا۔

ایلزبتھ ایڈورڈز طویل عرصہ تک کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ برس انتقال کرگئی تھیں۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here