انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے

Posted by on Jul 15, 2012 | Comments Off on انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے

 

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا ہے کہ منفی سیاست کی روش ترک کر کے وہ ملک کی ترقی اور قومی مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کریں۔

ہفتہ کو صوبہ خیبرپختون خواہ کے علاقے بشام میں 72 میگاواٹ پن بجلی کے ایک پیداواری منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اتفاق رائے سے فخرالدین جی ابراہیم کی بطور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سیاسی جماعتوں کی فتح ہے۔

’’چیف الیکشن کمشنر کا انتخاب ہوا اس سے ساری دنیا میں اچھا پیغام گیا اس لیے میں تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آؤ الیکشن کی طرف جائیں۔‘‘
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ محض سیاسی مقاصد کے لیے حکومت کو ہدف تنقید بنانا درست نہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ قدورتیں دور کر کے مل جل کر کام کیا جائے۔

’’آئندہ انتخابات اپنے وقت پر بھی ہوں گے، صاف، شفاف اور غیر جانبدرانہ بھی ہوں گے۔ عوام جس کو حق حکمرانی دیں گے اسی کا حق ہو گا کہ وہ حکومت بنائے۔ جس کو (عوام) اپوزیشن میں بٹھائیں وہ عزت وقار سے اپوزیشن میں بیٹھے۔‘‘

دریں اثناء جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ہفتہ کو پشاور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کو قبل از وقت انتخابات کرا دینے چاہیئں۔

صدر آصف علی زرداری نے جمعہ کو نئے چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کی تقرری کی نوٹیفیکیشن پر دستخط کیے تھے۔  فخر الدین جی ابراہیم کہہ چکے ہیں کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ایک چیلنج ہے۔

موجودہ پارلیمان کی مدت فروری 2013ء میں مکمل ہو رہی ہے لیکن پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت کے بعض وزراء یہ عندیہ بھی دے چکے ہیں کہ اپوزیشن سے بات چیت کے بعدعام انتخابات رواں سال کے اواخر میں ہو سکتے ہیں۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here