افواج کے انخلا کا عمل ذمہ دارانہ ہوگا

Posted by on Jun 06, 2011 | Comments Off on افواج کے انخلا کا عمل ذمہ دارانہ ہوگا

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ افغانستان سے آئندہ ماہ امریکہ کی لڑاکا افواج کے انخلا کا عمل ذمہ دارانہ انداز میں شروع کیا جائے گا تاکہ ملک میں موجود دیگر اتحادی اور افغان افواج کو غیر ضروری خطرات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اتوار کو جنوبی قندھار صوبے میں ایک فوجی اڈے پر امریکی افواج سے اپنے خطاب میں گیٹس نے کہا کہ افغان پولیس اور فوجیوں کو تربیت دینے کا عمل کامیابی سے جاری ہے جس سے 2014 کے آخر تک غیر ملکی افواج کے بتدریج انخلا کے عمل میں مدد ملے گی۔

افغانستان میں لگ بھگ ایک لاکھ پچا س ہزار غیر ملکی افواج کے امریکی سربراہ ڈیوڈ پیٹریاس جلد ہی صدر براک اوباما کو اپنی ان سفارشات پیش کرنے والے ہیں جن میں وہ وطن واپس جانے والی افواج کی تعداد کا تعین بھی کریں گے۔ امریکی انتظامیہ کے عہدے دار بھی تاحال ابتدائی مرحلے میں افغانستان سے واپس بلائے جانے والے فوجیوں کی تعداد کے بارے میں کچھ کہنے سے گریزاں ہیں اور توقع ہے کہ جولائی میں صدر اوباما اس سلسلے میں حتمی اعلان کریں گے۔

وزیر دفاع گیٹس نے کہا کہ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کتنے فوجیوں کا انخلا ہونا چاہیئے اور اس کے ساتھ منسلک خطرات کی نوعیت کیا ہو گی۔ میرا خیال ہے کہ جنرل پیٹریاس اس بارے میں اپنی سفارشات پیش کریں گے اور میں پراعتماد ہوں کہ اس کی بنیاد پر ایک ذمہ دارانہ فیصلہ کیا جائے گا۔

قندھار شہر کے باہر قائم فوجی اڈے پر موجود جب ایک امریکی فوجی نے وزیر دفاع سے فوجیوں کے انخلا کے بارے میں سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی امریکہ واپسی پر اس بارے میں بات چیت شروع ہونے کا امکان ہے۔

وزیر دفاع رابرٹ گیٹس افغانستان کے اپنے بارویں اور آخری سرکاری دورے پر ہفتہ کو کابل پہنچے تھے کیونکہ رواں ماہ کے آخر میں وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

صدر حامد کرزئی سے ان کی بات چیت میں افغان رہنما نے غیر ملکی افواج کی عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں عام شہریوں کی ہلاکت کا معاملہ اٹھایا اور امریکی وزیر دفاع پر زور دیا کہ اس نقصان کو کم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here