افغانستان میں خودکش حملے پندرہ افراد ہلاک

Posted by on Jun 25, 2011 | Comments Off on افغانستان میں خودکش حملے پندرہ افراد ہلاک

افغانستان کے صوبہ لوغر میں حکام کے مطابق ایک ہسپتال میں خودکش کار حملے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عام شہری ہیں جب کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
افغانستان میں شدت پسند اکثر سرکاری ملازمین اور غیر ملکی فوج کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
تاہم طالبان کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وہ عوامی مقامات کو نشانہ نہیں بناتے ہیں اور بم دھماکہ اس نے کیا ہے جس کا کوئی ایجنڈا ہے۔
صوبائی اہلکار دین محمد درویش کا کہنا ہے کہ ضلع ازرا کے ہسپتال میں بم دھماکہ ایک خودکش حملہ آور نے کیا ہے۔ حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں رکھا ہوا تھا۔
انھوں نے کہا کہ خودکش حملے کے ہدف کا ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے تاہم ہسپتال پر حملہ کیا گیا اور اس میں عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستانی سرحد کے نزدیک واقع ضلع ازرا میں حکومتی کنٹرول نہ ہونے کے برابر ہے اور یہاں پر شدت پسندوں کے علاوہ سمگلروں کا غلبہ ہے۔
اس سے پہلے حکام کے مطابق صوبہ قندوز میں جمعہ کی رات کو ایک بم دھماکے میں دس افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق ضلع خانا آباد کی ایک پرہجوم مارکیٹ میں واقع آئس کریم فیکڑی کے نزدیک ایک سائیکل پر بم نصب کیا گیا تھا۔
اس واقعے میں بیس کے قریب افراد زخمی بھی ہو گئے۔
واضح رہے کہ یہ بم حملے ایک ایسے وقت کیے گئے ہیں جب ایک دن پہلے امریکی صدر براک اوباما نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے پروگرام کا اعلان کیا تھا۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here