’اداروں کا ٹکراؤ نہیں چاہتے، پہلے ترجیح توانائی‘

Posted by on Jun 25, 2012 | Comments Off on ’اداروں کا ٹکراؤ نہیں چاہتے، پہلے ترجیح توانائی‘

پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت کی پہلی ترجیح توانائی کے بحران اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اداروں کا آپس میں ٹکراؤ نہیں چاہتے کیونکہ یہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے دوسرے ہی روز سندھ کے دو روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے پہلے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی اور پھر مزار قائد پر حاضری دی۔

اس سے قبل وہ گڑھی خدا بخش گئے تھے جہاں انہوں نے سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی قبروں پر پھول چڑھائے تھے اور فاتحہ خوانی کی تھی۔ وہ ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد مزار قائد پر حاضری دینے سے پہلے گڑھی خدا بخش کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے یہ بات اتوار کو کراچی میں مزارِ قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ نامہ نگار ارمان صابر کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا ’ہم کسی ادارے کے ساتھ ٹکراؤ نہیں چاہتے کیونکہ ٹکراؤ کسی طور بھی ملک کے حق میں نہیں ہے، عوام کے حق میں نہیں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آئین اور قانون کے مطابق راستے اپنائیں اور کسی بھی ادارے کی قدر و منزلت کو کم نہ کریں۔‘

وزیراعظم نے ملک میں توانائی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں ہے کہ وہ توانائی کے بحران پر قابو پائے جس کے لیے مناسب اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’اس وقت توانائی کا بحران ملک میں موجود ہے۔ کل میں نے وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا اور آج میں شہرِ قائد میں موجود ہوں کیونکہ اس کی اہمیت سے ہم پوری طرح آگاہ ہیں، یہ پاکستان کی شہ رگ ہے، یہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے اور ہماری اوّلین ترجیح ہے اور میں نے پہلا اجلاس ہی توانائی کے بارے میں کیا۔ ہم نے سر جوڑ کر اس پر کام کرنا شروع کر دیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کے اعلانات کے بجائے عوام خود محسوس کرنا شروع کریں گے کہ کچھ کام ہو رہا ہے۔‘

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسے بہتر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

ان کے بقول ’امن و امان اور خاص طور پر کراچی کی صورتحال ہم سب کے سامنے ہے۔ ہمارے مشیرِ داخلہ رحمان ملک نے آج بھی مجھے بریفنگ دی ہے۔ میری یہاں گورنر اور وزیراعلیٰ سے بھی بات ہوئی ہے اور سب کو امید ہے کہ ہم یہ حالات کنٹرول کرلیں گے اور جو لوگ بھی اس میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔‘

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اتوار کی رات وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں ایک عشائیے میں شرکت کریں گے جہاں وہ پیپلز پارٹی اور دیگر سیاستدانوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

پیر کو وہ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں، پیر صاحب پگارا اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

Advertisement

Subscription

You can subscribe by e-mail to receive news updates and breaking stories.

————————Important———————–

Enter Analytics/Stat Tracking Code Here